ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈیرہ غازی خان کے تھانہ گدائی پولیس کے اہلکاروں نے چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر پر دھاوا بولا اور خواتین اور مردوں پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، خواتین کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے رہے اور بغیر وارنٹ 2 خواتین سمیت 5 افراد کو تھانے میں بند کردیا ۔ڈیرہ غازیخان سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر موضع کھوسہ تھانہ گدائی کی حدود میں ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے کے لئے روایتی پولیس گردی کا مظاہرہ کیا گیا، 20 سے 30 اہلکاروں نے ایک ملزم فیاض کی تلاش میں بغیر وارنٹ گرفتاری گھر پر دھاوا بول دیا اور گھر کی خواتین کو بالوں سے گھسیٹتے ہوئے گھونسے مارے اور 5 افراد کو حراست میں لے لیا، اہل علاقہ نے احتجاج شروع کردیا، گھر کے سربراہ بزرگ نے بتایا کچھ عرصہ قبل ان کا اراضی تنازع پر موضع میں جھگڑا ہوا تھا، پولیس نے فیاض پر مقدمہ درج کرلیا، فیاض نے عبوری ضمانت کرا رکھی تھی، پولیس کے مطابق اس نے فیاض کو گرفتار کیا مگر وہ فرار ہوگیا۔ آر پی او ڈی جی خان عمران احمر کے نوٹس پر سب انسپکٹر سید فیاض حسین اور کانسٹیبل محمد عنصر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، آر پی او نے کہا ملوث اہلکاروں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔