لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈی جی سپورٹس ندیم سرورنے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے قذافی سٹیڈیم میں ملاقات کی اور کرکٹ کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کرکٹ کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے مختلف اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم بنائے ہیں جن میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔بعض گرائونڈز میں فلڈ لائٹس بھی لگائی گئی ہیں ، کھلاڑیوں کے لئے پویلین سمیت تمام سہولتیں مہیا کی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سپورٹس بورڈ پنجاب اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا وسیع انفراسٹرکچر ہے جس کا فائدہ نوجوان کھلاڑیوں کو پہنچنا چاہئے ۔ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو فروغ دے کر نیا ٹیلنٹ سامنے لا سکتے ہیں۔