لا ہو ر (کر ائم ر پو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کا حصہ ہونے کے ناطے سماجی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگا ہ ہے ۔ تھیلیسیما سے متاثرہ بچوں کو خون کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور سندس فاؤنڈیشن میں مفاہمتی یاد داشت (ایم او یو) اسی درخشاں روایات کا تسلسل ہے جس کے تحت صوبے کی تمام پولیس لائنز، دفاتر، فیلڈ فارمیشنز، یونٹس اور سیف سٹی اتھارٹیز میں وقتا فوقتا بلڈ ڈونیشن کیمپ لگائے جائیں گے اور تھیلیسیمیا، ہیمو فیلیا سمیت خون کی دیگر بیماریوں کے شکار بچوں کیلئے مستقل بنیادوں پرخون کے عطیات دئیے جائیں گے ۔تھیلیسیما سے متاثرہ بچوں کو خون کی مسلسل فراہمی جیسے کار خیر میں سندس فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس ملازمین کے کوائف کے ڈیٹا بیس کو سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ شئیر کیا جائے گا تاکہ تمام ملازمین کا ریکارڈ ڈیجیٹل سافٹ وئیر میں محفوظ ہو اورایمرجنسی کے علاوہ روٹین میں بھی بوقت ضرورت ان سے خون حاصل کرکے متاثرہ بچوں کو لگایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے سندس فاؤنڈیشن میں موجود تھلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو تحائف دئیے اور انکے ساتھ کچھ وقت بھی گذارا۔