لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس ہو اجلاس میں آئی جی پنجاب نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مساجد ، امام بارگاہوں دیگر اجتماعات اور چھٹیوں کے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا ۔اے آئی جی آپریشنز عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو عید سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی ۔ صوبے کی 23503مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 48605افسران واہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے ۔ کوئیک رسپانس فورس کی 245ٹیمیں بھی عید سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں گی۔ نماز عید کی سکیورٹی کیلئے 1575سی سی ٹی وی کیمرے ، 11007میٹل ڈٹیکٹراور162واک تھرو گیٹس بھی استعمال کئے جائیں گے ۔آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت آر پی اوز، ڈی پی اوزاور سی پی اوز کو عید سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی ۔ حساس اور اے کیٹگیری کی مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کی جائے ۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اجتماعات وجگہوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے ۔ خواتین اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے ۔ نماز عید سے قبل تمام مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر جگہوں کی چیکنگ اور کلیرنس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔