اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہاکہ پاک ترک تعلقات روز اول سے انتہائی شاندار ہیں، ہمیں15جولائی کو ترک عوام کا ساتھ دینے پر فخر ہے ۔گزشتہ روز ترکی میں15جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے حوالے سے ڈیموکریسی ویونٹی ڈے کی تقریب سے خطاب میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ 15 جولائی کوترک عوام نے جانوں کی قربانیاں دے کر جمہوریت کی حفاظت کی ،ان شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،پاک ترک تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کیلئے ہیں،انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی نے دہشتگردی کا کامیابی سے قلع قمع کیا،تمام درپیش چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کریں گے ۔ ترک سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ فتح اﷲ گولن ترکی میں بغاوت کی قیادت کر رہے تھے ۔اڑھائی سو سے زائد شہریوں نے اپنی جانیں دے کر باغیوں کی کوشش ناکام بنادی،یہ ترکی میں جمہوریت اور ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت کے مشکور ہیں جس نے گولن تنظیم کی طرف سے چلائے جانے والے سکول اور تعلیمی ادارے ترک حکومت کے حوالے کردئیے ۔تقریب میں سیکرٹری خاجہ سہیل محمودمہمان خصوصی تھے ، بڑی تعداد میں مختلف ممالک کے سفیر اور سفارتکار بھی شریک ہوئے ۔