کراچی،لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک بھر میں یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان قومی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا۔ مزار قائدؒ اور مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں اور سلامی پیش کی گئی۔گزشتہ روز یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان پرکراچی میں مرکزی تقریب مزار قائدؒ پر ہوئی، پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دست نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے ، اس موقع پر سلامی پیش کی گئی اور قومی نغموں کی دھنیں بجائی گئیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے مزار قائدؒ پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے ۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔ خطاب میں ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاکستان کی بقا کی جنگ تھی۔ ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا، پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔لاہور میں مزار اقبالؒ پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پنجاب رینجرز کے چاق چو بند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی پیش کی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ادھرنیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی، نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔