کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک ) سونمیانی رینج میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فائرپاورکا شاندارمظاہرہ کیا،جنگی طیاروں نے اہداف کو کامیابی سے تہس نہس کردیا،صدرعارف علوی کا کہناہے کہ مسلح افواج ملک کے دفاع کیلئے مکمل طورپرتیارہیں،ملکی دفاع پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ پاک فضائیہ نے سونمیانی رینج پرفائرپاورکا شاندار مظاہرہ کیا،اس دوران لڑاکا طیاروں نے کامیابی سے اہداف کونشانہ بنایا،صدرڈاکٹرعارف علوی اس موقع پرمہمان خصوصی تھے جبکہ گورنرسندھ عمران اسماعیل،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انورخان اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ ملکی فضائی سرحدوں کی نگرانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردارہے ،ملکی دفاع،سالمیت اورخود مختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے ،پاکستان پڑوسی ممالک کیساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتا ہے ،ہماری مسلح افواج وطن عزیزکے دفاع کیلئے مکمل طورپرتیارہیں،پیشہ ورانہ قابلیت،مہارت اوربہادری میں پاک فضائیہ کا کوئی مقابلہ نہیں۔صدرنے کشمیرکا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ،پوری دنیا نے بھارتی جارحیت پرپاکستان کے ردعمل کوسراہا۔فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کے کمانڈوزنے انسداد دہشت گردی کارروائی کا بھی مظاہرہ کیا،ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں نے برق رفتاری سے اہداف کو نشانہ بناکرتہس نہس کردیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مظاہرے کے دوران طیاروں سے میزائل گرائے گئے ،فائرپاورمظاہرے میں ایف7 پی جے کے سکواڈرن کی سربراہی پائلٹ عرفان رسول نے کی۔،میراج فائٹرنے رن وے ڈینائیل بمسے اہداف کو نشانہ بنانے کا شاندارمظاہرہ کیا،جسکی قیادت ونگ کمانڈروقاص امجد اورحمزہ آفتاب نے کی۔جے ایف17 تھنڈرطیارے کی سولو ائیروبیٹکس اورپاک فضائیہ کی ائیروبیٹکس ٹیم شیردل نے بھی فضائی کرتب دکھائے ،پاک فضائیہ کے سپیشل سروسزونگ کے کمانڈوزنے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔