اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے اور پھیلاؤ کو روکنے کے لئے قومی حکمت عملی کے تحت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیئے ہیں، اس وقت ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں تقریباً دو ہزار ٹیمیں کام کر رہی ہیں جن کو پاک فوج کے 1400 جوانوں کی معاونت حاصل ہے ، پانچ ہزار دیگر جوانوں کو بھی تربیت فراہم کر دی گئی ہے اور بوقت ضرورت ان کی خدمات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخرا مام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا صوبوں کو ٹڈی دل کے خلاف سپرے کے لئے ادویات اور سپریئرز فراہم کئے گئے ہیں،فضائی سپرے کیلئے پانچ ہیلی کاپٹرز پر آلات نصب کر دیئے ، ترکی سے ایک خصوصی طیارہ بھی منگوایا ہے ، تین مزید جہازوں کی شمولیت سے ملک میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے لئے 9 جہاز دستیاب ہونگے ۔ مخصوص کٹس کی درآمد کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی ان کی تیاری کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل معظم نے کہا ٹڈی دل کے خلاف آپریشن میں پاک فوج مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے ، صووبوں میں گراؤنڈ ورک بہت بہتر ہے ، نیشنل کنٹرول سینٹر کا مقصد ٹڈی دل کے خلاف ان تمام کوششوں کو یکجا کر کے مربوط حکمت عملی کے تحت زیادہ موثر بنانا ہے ۔ وفاقی وزیر فخر امام نے کہاٹڈی دل کے پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔