لاہور ،اسلام آباد ،ملتان ، پشاور (لیڈی رپورٹر،سٹا ف رپورٹر ،نیوز رپورٹر ،نمائندہ 92نیوز) کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے گندم ،چنے اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ملتان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،بارش کے باعث میپکو ریجن کے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور اور جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارش و ژالہ باری نے تباہی مچادی۔ژالہ باری سے گندم اور چنے کی فصلوں سمیت باغات کو شدید نقصان پہنچا، ڈیرہ اور مضافات میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ پہاڑ پور اورڈھکی میں شدید ژالہ باری ہوئی جبکہ جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں میں بھی بارش و ژالہ باری نے تباہی مچادی ،بارشوں سے کئی کچے مکانات بھی گر گئے ، پشاور اور گردونواح میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔ شہر قائدمیں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطا بق کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں با ر ش ہوئی جبکہ آج جڑواں شہروں سمیت گوجرانوالہ ،نارووال ،سیالکوٹ ،بہاولپور، ڈی جی خان ،سیالکوٹ جہلم ، ملتان ، کشمیر ،گلگت بلتستان، مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے ۔