لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کیمپس پل پر پولیس ناکے کا دورہ کرکے دفعہ 144 کی پابندیوں کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی گارڈن ٹاؤن شیخ مظفر نے سی سی پی او کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی سی پی او نے ہدایت کی کہ ناکوں پر موجود پولیس سٹاف کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے فراہم کردہ حفاظتی سامان کا لازمی استعمال کریں۔ سامان میں کمی کی صورت میں ایس پی ہیڈکوارٹرز سے فوری رابطہ کیا جائے ۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ دفعہ 144 کے تحت جن شعبوں سے وابستہ افراد کو استثنا حاصل ہے انہیں ہرگز نہ روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور پولیس سے تعاون کریں۔