واشنگٹن (92 نیوزرپورٹ، این این آئی ) امریکی سینٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکل کو غیرآئینی قرار دینے کی قرارداد مسترد کر دی جبکہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنیوالے ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف الزامات عائد کر دیئے گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکل کو غیرآئینی قرار دینے کی قرارداد مسترد کر دی ،ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال کی قرارداد کے حق میں 45 اور مخالفت میں 55 ارکان نے ووٹ دیا،سینٹ ارکان سے ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کیلئے غیرجانبداری کا حلف بھی لیا گیا،مواخذہ کے آرٹیکل پر سینٹ میں کارروائی کا آغاز 8 فروری سے ہوگا ۔ یہ بات واضح ہے کہ سینٹ میں موجود ری پبلکن پارٹی کے 50 ارکان میں سے محض پانچ ارکان نے ہی ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی حمایت کی ۔ مواخذے کی کامیابی کے لیے ڈیموکریٹک جماعت کو ریپبلکن پارٹی کے کم از کم 17 ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔ اگر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہو جاتی ہے تو انہیں مستقبل میں سیاست سے الگ کیا جا سکتا ہے ۔ دریں اثنا امریکی پارلیمنٹ پر 6 جنوری کو حملہ کرنے پر ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف الزامات عائد کر دیئے گئے ۔پولیس پر حملے اور پارلیمانی کارروائی میں خلل ڈالنے اور دیگر سنگین الزامات شامل ہیں جس میں20 سال تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے ۔محکمہ انصاف کے مطابق پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں 400 سے زائد افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔