کراچی(نمائندہ92نیوز)آئی بی اے یونیورسٹی سکھرکے وائس چانسلر پروفیسر نثاراحمد صدیقی77سال کی عمرمیں کراچی میں انتقال کرگئے ۔نمازجنازہ کااعلان بعدمیں کیاجائے گا۔ترجمان کے مطابق مرحوم عارضہ قلب میں مبتلاتھے اورگزشتہ ایک ہفتے سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ،مرحوم نے پسماندگان میں3بیٹے اور4بیٹیاں چھوڑی ہیں۔پروفیسرڈاکٹرنثاراحمدصدیقی کی میت ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے ان کے آبائی گاؤں پریالوئی ضلع خیرپورروانہ کی گئی۔مرحوم نے سندھ کے چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری، کمشنر سکھر اور دیگراہم سرکاری عہدوں پربھی فرائض انجام دیے ۔انتقال کے وقت وہ نہ صرف سکھرآئی بی اے کے وائس چانسلرتھے بلکہ سکھرالیکٹرک پاور کمپنی سیپکوکے بورڈزآف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی تھے ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل ، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور دیگر نے پروفیسر نثاراحمدصدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نثار احمد صدیقی کا انتقال شعبہ تعلیم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے ۔