دبئی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ 2019ء کے اختتام کے بعد ’ورلڈکپ ٹیم‘ کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ’ورلڈکپ ٹیم‘ کی قیادت کین ولیم سن کے سپرد کی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جیسن روئے ، بھارت کے روہت شرما، انگلینڈ کے جو روٹ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، انگلینڈ کے بین سٹوکس، آسٹریلیا کے ایلکس کیری، آسٹریلیا ہی کے مچل سٹارک، انگلینڈ کے جوفراآرچر اور نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن ، بھارتی جسپریت بھمرا اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔بھارت کے روہت شرما نے 9 میچوں میں 648 رنز بنائے جبکہ جیسن روئے نے 443 رنز سمیٹے ۔ کین ولیم سن نے ورلڈکپ کے 9 میچوں میں 82.57 کی اوسط سے 578 رنز جوڑے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ نے 556 رنز بنائے ۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ٹورنامنٹ میں عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 500 رنز بنانے کیساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پانیوالے بین سٹوکس نے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں 89 رنز بنانے کے بعد اینڈل فیلوک وائیو کا ناقابل یقین کیچ بھی پکڑا جبک سری لنکا کیخلاف 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ آسٹریلیا کیخلاف 89 رنز بھی بنائے ۔ایلکس کیری نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں مشکل وقت میں اپنی ٹیم کیلئے 71 گیندوں پر 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ میں بھی 46 گیندوں پر 70 رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے البتہ ٹورنامنٹ میں وہ 375 رنز بنا کر ورلڈکپ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ مچل سٹارک نے ورلڈکپ کے 10 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلین لیجنڈ باؤلر گلین میک گراتھ کا 26 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑا۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن 21 حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ بھارت کے جسپریت بمرا نے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیرئیر کی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں۔ٹرینٹ بولڈ بھی سکواڈ کا حصہ ہیں ۔