میڈرڈ( ویب ڈیسک) فضائی آلودگی سے سانس، دل کے امراض اور دماغی و نفسیاتی عارضوں پر مستند تحقیق ہوچکی ہے ، اب ماہرین کہتے ہیں کہ آلودہ فضا خود انسانی ہڈیوں کو بھی کمزور کرنے کی وجہ بن رہی ہے ۔ سپین کے شہر بارسلونا میں ماہرین کا خیال ہے کہ اڑھائی مائیکرو میٹر کے فضائی ذرات جنہیں پی ایم 2.5 بھی کہا جاتا ہے وہ انسانی دل، پھیپھڑوں، گردوں، آنکھوں، دماغ اور دماغی صحت کیلئے تو نقصان دہ ہیں ہی لیکن فضائی آلودگی سے خود ہڈیوں کے اندر کی معدنیات کمزور ہوتی جاتی ہیں جو مروجہ ٹیسٹ سے بھی ظاہر ہے ۔ بارسلونا میں عالمی صحت سے وابستہ ادارے کی ماہر کیتھرین ٹون نے بھارتی شہر حیدرآباد سے باہر 23 آلودہ مقامات کا جائزہ لیا اور کل 3700 افراد کی طبی آزمائش کی۔ ان افراد کی ہڈیوں میں موجود معدنیات کی کمی کے مروجہ ٹیسٹ بھی کیے گئے ۔ اسی ٹیسٹ کی بنا پر گٹھیا اور جوڑوں کے درد کی پیشگوئی کی جاتی ہے ۔مطالعے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اگر ایک مربع میٹر میں ڈھائی مائیکرو میٹر ذرات کی مقدار 32.8 مائیکرو گرام تک ہوتو یہ آلودگی عالمی ادارہ برائے صحت کے معیار سے تین گنا زائد ہوتی ہے ۔