اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی نظامت تعلیمات سے آبائی علاقوں کو بھیجے گئے ڈیپوٹیشن اساتذہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر وزیر اعظم سے اس سلسلے میں بات کروں گا اور وفاقی نظامت تعلیمات کا غیر قانونی آرڈر واپس کرانے کی درخواست کروں گا۔ متاثرہ اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ قوانین کا امتیازی استعمال نہیں کیا جاسکتا، کچھ لوگوں کو مستقل کیا جانا اور200 اساتذہ کو دارالحکومت بدر کیا جانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ۔ وزیر داخلہ نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں وزیر اعظم کے سامنے ان کا مقدمہ لڑیں گے اور انہیں انصاف دلایا جائے گا اور سب کیلئے ایک ہی پالیسی پر عملدرآمد ہو گا ۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے تناظر میں پیر کو امن وامان کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع نے بتایاکہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیرصدارت اجلاس میں کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے نمائندے شرکت کرینگے ۔اجلاس میں احتجاج کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے سابق صدر پرویزمشرف کی والدہ کی وفات پر دکھ اور غم کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیرِداخلہ شیخ رشید سینیٹر رحمن ملک کے گھر گئے اور انکی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔