لاس اینجلس(نیٹ نیوز )برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل لاس اینجلس چھوڑ کر 95 میل دور مینشن خرید کر وہاں شفٹ ہوگئے ۔ڈیلی مرر یوکے کے مطابق ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس جولائی کے شروع سے فلم پروڈیوسر ٹائلر پیری کی ملکیت بیورلی ہلزمینشن چھوڑ کر اپنے نئے سانتا باربرا پیڈ پر ہیں ۔اطلاعات کے مطابق جوڑا اس علاقے میں آباد ہونے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ ذرائع نے پیج سکس کو بتایا کہ جوڑا جولائی سے سانتا باربرا میں اپنی رہائشگاہ پر رہ رہا ہے ۔وہ اوپرا یا کسی اور کے مہمان نہیں ، انہوں نے یہ گھر خود خریدا ہے ۔ وہ برطانیہ چھوڑنے کے بعد بیٹے آرچی کے ساتھ اپنی زندگی یہاں گزارنا چاہتے ہیں ۔یہ وہ جگہ ہے جہاں انہیں امید ہے کہ آرچی ممکنہ حد تک معمول کی زندگی گزار سکتا ہے ۔کہا جاتا ہے کہ جوڑا ایل اے میں قیام کے دوران پریس کی مداخلت کو ناپسند کرتا تھا۔گذشتہ ماہ انہوں نے فوٹوگرافروں کیخلاف مقدمہ دائر کیا تھا جنہوں نے مبینہ طور پر ان کے بیٹے آرچی کی تصاویر کھینچنے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا تھا۔