ملتان(نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا جارہا، یہ کیسے ممکن ہے جرم سندھ لیکن ٹرائل راولپنڈی میں ہورہا ہے ، آج کے نئے پاکستان میں انصاف کے نظام کو مذاق بنایا ہوا ہے ، اس وقت تک کوئی عوامی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا جب تک سلیکٹڈ حکومت کا مسئلہ حل نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہائیکورٹ بار ملتان کی جانب سے اپنی اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بہادر وکلاء اور بہادر ججز اپنے اصولوں، جمہوریت اور انصاف کی خاطر اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں، آزاد عدلیہ پیپلزپارٹی کی جدوجہد کے بغیر ناممکن تھی،سابق صدر زرداری آج بھی جیل میں ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی بھی راولپنڈی میں دی جاتی ہے ، بے نظیر بھٹو کو پنڈی میں شہید کیا جاتا ہے اور ہمارے خلاف کیسز پنڈی میں بنائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے غیر جانبدار رہنے پر حکومت گرجانے کے بیان پر کیوں تفتیش نہیں کی جاتی،اس ملک کی عوام سے شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے ایماندار لیڈر چھین لئے گئے ، آمروں نے ملک کی جڑیں ہلا دی ہیں،اس کٹھ پُتلی حکومت کے ذریعے دوبارہ ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے جمہوری نظام کے لئے ہمیشہ قربانی دی اور دیتے رہیں گے ،ہماری قیادت کے خلاف سیاسی مقدمات چلائے جا رہے ہیں،ہماری لیڈر شب کو بیماریوں کے باوجود جیل میں ڈالا جارہا ہے ،اگر ہم ماضی کی طرح ان قوتوں کا مقابلہ کریں تو اپنے بچوں کا مستقبل بچا سکتے ہیں، میں وکلاء اور عدالتوں سے مدد کی اپیل کرتا ہوں۔صدر ہائیکورٹ بار ملتان ملک حیدر عثمان نے کہا ہائیکورٹ بار ملتان 1989ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت کا دیا ہوا تحفہ ہے ، میری نظر میں بلاول بھٹو زرداری آئندہ کے وزیراعظم ہوں گے ۔تقریب میں یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، علی حیدر گیلانی ایم پی اے بھی موجود تھے ۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی ملتان کے صدر خالد حنیف لودھی کی رہائش گاہ پر انکے اعزاز میں عشائیے میں شرکت کی۔ انہوں نے عشائیے میں شریک پارٹی رہنماؤں اورمعززین سے فرداً فرداً ان کی نشست پر جاکر ملاقات کی، اس موقع پر شرکاء سے اسلام آباد کی صورت حال پر گفتگو بھی کی ۔بلاول بھٹو سے پارٹی وکلا اور مزدور رہنما بھی ملے ،آج جنوبی پنجاب کے وفود ملاقاتیں کرینگے ۔