لاہور(جنرل رپورٹر) کالعدم تنظیموں کے زیر کنٹرول تعلیمی اداروں کو حکومتی تحویل میں لینے اور ان کے معاملات کو چلانے کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم اگلے ماہ پاکستان آئے گی، 9سے 13مارچ تک تحویل میں لئے گئے تعلیمی اداروں کا دورہ کرے گی ۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے اس حوالے سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو خصوصی اقدامات اپنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔مراسلے میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم اگلے ماہ پاکستان آ رہی ہے جو کہ 9سے 13مارچ تک چند ایسے تعلیمی اداروں کا دورہ کرے گی جن کو کالعدم تنظیموں سے سرکاری تحویل میں لیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم پنجاب نے 9نکاتی اقدامات اپنانے کی ہدایت کی ہے جس میں ان اداروں کی انتظامیہ میں کالعدم تنظیم کا کوئی بندہ شامل نہ ہو،انتظامی افسران کی اداروں میں موجودگی کا مکمل ریکارڈ ہونا چاہئے ،بجٹ کے مصرف کا پورا ریکارڈ ہونا چاہئے ، لائبریریز کو فعال رکھیں ،تعلیمی اداروں میں صفائی کا مکمل انتظام ہونا چاہئے ،لائبریری میں کوئی نفرت پر مبنی مواد نہیں ہونا چاہئے ۔ یکم مارچ تک ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے ۔