لاہور(نامہ نگارخصوصی، 92 نیوزرپورٹ،اپنے نیوز رپورٹر سے )نیب نے شریف برادران کی ایک اور شوگر ملز کے خلاف انکوائری شروع کردی، برادر شوگر ملز کے خلاف گنے کے کاشتکاروں کو عدم ادائیگی سے متعلق انکوائری شروع کی گئی۔ ملز کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں بشیر سے ادائیگیوں سے متعلق ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔ نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھیجتے یوسف عباس کی آج طلبی کے حوالے سے سوالنامہ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق یوسف عباس شریف چودھری شوگرملز میں 1995سے شیئرز ہولڈر ہیں۔سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ 1995سے لیکر اب تک چودھری شوگر مل کے کے کتنے شیئرزہولڈرز تھے اورانکے شیئرز کتنے تھے ۔چوہدری شوگر مل نے اب تک کتنی چینی برآمد کی،برآمدگی کی مد میں موصول ہونے والی رقم کون سے طریق کار سے وصول کی گئی،جن بینک اکائونٹس کے ذریعے رقوم موصول ہوئی ان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں،سوالنامے میں شمیم شوگر ملز میں سرمایہ کاری اور قرض کے حوالے سے بھی استفسار کیا گیا ہے جبکہ ٹی ٹی کی صورت میں موصول یا بھیجی جانے والی رقوم اورمختلف کمپنیوں کو دئیے جانے والے قرض کی مکمل تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔سابق صوبائی وزیر اور لیگی رہنما رانا مشہود احمد ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پنجاب یوتھ فیسٹیول مبینہ کرپشن کیس میں نیب میں پیش نہ ہوئے ،ان کے وکلاء نے نیب میں پیش ہو کر سوالنامے کے جوابات جمع کرا دئیے ،نیب نے رانا مشہود کو6اگست کو دوبارہ طلب کرلیا۔ رانا مشہود کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہانیب کی جانب سے جب بھی رانا مشہود کو طلب کیا گیا وہ پیش ہوئے ، نیب 2017ء میں انہیں کلین چٹ دے چکا لیکن اب دوبارہ طلب کیا جارہا ہے ۔