سندھ حکومت کی کورونا ویکسی نیشن نہ لگوانے پر سم بند کرنے کی تجویز اور کورونا کی شدت مین اضافے کے بعد کراچی میں کورونا ویکسی نیشن لگوانے والوں کا رش ہو رہا ہے۔ حکومت ایک عرصے سے لوگوں کو ویکسی نیشن لگوانے کا کہہ رہی ہے لیکن اکثر لوگ اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہے تھے۔ ویکسی نیشن سنٹر ویران تھے اور وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا تھا۔ اس دوران حکومت کو تجویز دی گئی کہ کورونا ویکسی نیشن نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بند کرنے کا اعلان کیا جائے۔ جس کے بعد اب ویکسی نیشن سنٹروں پر لوگوں کا بے تحاشہ رش دیکھنے میں آیا ہے۔کئی ایک جگہ پر پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا ہے جبکہ کورونا ایس او پیز کی بری طرح دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ گو پنجاب حکومت کی طرح سندھ حکومت نے بھی گھر گھر ویکسی نیشن لگوانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں گزارش ہے کہ ٹیموں کی تعداد کو زیادہ کیا جائے تا کہ سندھ بھر میں لوگوں کو آسانی کے ساتھ گھروں کی دہلیز پر ویکسی نیشن لگوائی جا سکے۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے،اس میں لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ روکا جائے۔ لاک ڈائون کے دوران مخیر حضرات آگے بڑھیں اور غریب لوگوں کی کھانے کی ضروریات کو پورا کریں۔ مزدوروں کو راشن دیں۔ کھانے کے موبائل یونٹ بنا کر کھانا پیک کر کے کچی آبادیوں میں لوگوں کو تقسیم کریں تا کہ مشکل کے اس وقت میں ہم سب سرخرو ہو سکیں اور کوئی بھی شخص بھوک اور غربت کی بنا پر موت کے منہ میں نہ جائے۔