اسلام آباد،راولپنڈی،تہران(نیوزرپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کے صدر حسن روحانی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹس میں بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ نے ایرانی صدر سے ملاقات میں علاقائی سلامتی ، باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی ۔ اس موقع پرایرانی صدر نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمخانی اور ایرانی آرمی چیف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی سے ملاقات کے دوران دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی عسکری تعلقات پر گفتگوکی گئی۔