لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 21 اپریل، دوسرا میچ 23 اپریل جبکہ تیسرا اور آخری میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29 اپریل سے 3 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 7 سے 11 مئی تک کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔ کورونا وائرس سے معیشت متاثر ہونے کے باوجود پاکستانی کمپنیز اوساکا بیٹریز اور سروس ٹائرز سیریز کے مشترکہ سپانسرز بن گئے ۔ زمبابوے میں طویل خانہ جنگی کی وجہ سے معاشی حالات خراب ہیں اور کوویڈ19 کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اس کے باوجود سیریز کو سپانسرز کرنے کے لیے پاکستانی کمپنیز آگے آئی ہیں اور سیریز کو پاکستانی کمپنیز نے سپانسرز کیا ہے ۔ سیریز کو اوساکا بیٹریز پریذنٹ سروس ٹائرز کپ 2021ء کا نام دیا گیا ہے۔