فیصل آباد(ذیشان خان) حکومت پاکستان نے ہنڈی ،حوالے کی حوصلہ شکنی کے لئے بیرون ملکوں سے بینکنگ چینل کے ذریعے آنے والی رقوم میں اضافہ کرنے پر بنکوں اور کرنسی ایکسچینج کمپنیوں کے لئے انعامی سکیم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،پاکستان کے باہر سے ترسیلات زر بھجوانے والے پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرکے مالی سال 2018 کے مقابلے میں مالی سال 2019 میں 15 فیصد اضافہ کرنے والے بنکوں ،ایکسچینج کمپنیوں کو ایک روپے فی ڈالر انعام دیا جائے گا۔ کمرشل ، شیڈولڈ ، مائیکرو فنانس بنک اور ایکسچینج کمپنیاں سکیم کے ذریعے انعامات حاصل کرنے کی اہل ہونگی ۔سٹیٹ بنک کی شرائط کے مطابق بنکوں ،ایکسچینج کمپنیوں کے لئے ضروری ہوگاکہ وہ اپنے صارفین کو ریمی ٹینس ، ڈسبرسمنٹ سروسزاورسٹیٹ بنک کی جانب سے وقتا فوقتا جاری ہونے والی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اورہنڈی کی حوصلہ شکنی کے لئے وسیع پیمانے پر آگاہی بھی پھیلائیں ۔ اوروہی بنک ،مائیکروفنانس بنک اور ایکسچینج کمپنیاں اس سکیم کے ذریعے انعام حاصل کرنے کی اہل ہوں گی جواپنے ریکارڈ ، مارکیٹنگ ، پروموشنل ، آگاہی مہم ودیگر ضروری لوازمات غیر قانونی طورپر ہنڈی حوالے کے کلچر کو ختم کرنے کے لئے جاری کریں گی ۔