کراچی(سٹاف رپورٹر) تحریک لبیک کراچی کے مہنگائی مخالف مارچ میں عوامی سمندر آمڈ آیا، سٹارگیٹ سے سربراہ علامہ سعد رضوی کی قیادت میں مہنگائی مارچ شاہراہ فیصل نرسری سے ہوتا ہوا شاہراہ قائدین پر اختتام پذیر ہوا، مارچ کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ قائدین کے ٹرک پر رکن شوریٰ علامہ قاضی محمود اعوان، علامہ غلام غوث بغدادی، امیر کے پی شفیق خان، امیر بلوچستان مفتی وزیر رضوی، امیر جنوبی پنجاب سرور سیفی، امیر کشمیر علامہ عبدالغفور تابانی، زونل امیر جنوبی سندھ پیر عمر جان سرہندی، سرپرست اعلیٰ کراچی علامہ مفتی اعجاز رضا رضوی، امیر کراچی ایم پی اے مفتی قاسم فخری و دیگر سوار تھے ۔ خطاب میں ٹی ایل پی سربراہ علامہ سعد رضوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں قوم کے گلوں میں باندھ دی گئی ہیں، عمران خان کو جانا ہوگا لیکن میدان چوروں کیلئے خالی نہیں ہوگا۔ قوم مہنگائی میں پس گئی لیکن اپوزیشن نے کچھ نہ کیا، اقتدار کی روشنی نظر آتے ہی اپوزیشن متحد ہوگئی، ہم بھی الیکشن کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی کراچی کو صاف پانی نہ دے سکی، مردم شماری بھی درست نہیں کی گئی، پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا،انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ پہلے 8 ماہ جیل تو گزارو، باقی حساب بعد میں کریں گے ، حکومت نے معیشت برباد کردی، نواز شریف، زرداری یا کوئی بھی سیاستدان ہو، یہ سب چور ہیں، ہمارا گورنر آیا تو وہ گورنر ہائوس میں نہیں رہے گا، دشمن آپ کی صفوں کو توڑنا چاہتا ہے ، کارکنان یکجا رہیں، پاکستان معاشی رسک پر چلا گیا ؟ معیشت درست کرنا پڑھے لکھے لوگوں کا کام نہیں، ڈنڈنے والوں کا کام ہے ، نواز، شریف، آصف زرداری، جہانگیر ترین، علیم خان جیسے لوگوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچادیا۔