کوئٹہ،مستونگ، اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ، وقائع نگار خصوصی)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی انتقال کرگئے ۔ وہ گزشتہ کئی روز سے شدید علیل تھے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق آیت اللہ درانی کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ان کی تدفین مستونگ میں ان کے آبائی علاقے پڑنگ آباد میں ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سپیکر قوی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز ،وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری ،وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا، سینٹ میں قائد ایوان سینٹر شہزاد وسیم ، گورنر سندھ عمران اسماعیل ،سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آیت اللہ دورانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے سچے نظریاتی اور وفادار لیڈر تھے ۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات کی دعا بھی کی۔ ڈاکٹر آیت اللہ درانی یکم جنوری 1956کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹرآیت اللہ درانی سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشیر برائے بلوچستان اموربھی رہے ہیں۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پراین اے 268 قلات کم مستونگ سے 2008 کے عام انتخابات میں حصہ لیا اورانتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار بنے ۔