اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر، وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر،مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، وزیرپٹرولیم عمر ایوب نے شرکت کی۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے چینی کی قیمتوں پر دبائو کم کرنے کیلئے چینی کی درآمد کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی۔ کمیٹی نے سفید چینی کی کمرشل درآمد پر ود ہولڈنگ انکم ٹیکس میں 5.5 فیصد کمی جبکہ خام شوگر پر 0.25 فیصد کمی کی منظوری دی جبکہ سفید چینی کی درآمد پر ویلیو ایڈڈ سیلز ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹیکسوں میں چھوٹ 30 جون 2021 تک 30 لاکھ میٹرک ٹن خام چینی کی درآمد کیلئے شوگر ملز کو مراعات کے طور پر دی گئی ہے ۔ ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو موجودہ سیزن کے دوران ضرورت پڑنے پر پانچ لاکھ میٹرک ٹن سفید چینی کی درآمد کی ہدایت کی۔ ہوا بازی ڈویژن نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی سمری پیش کی۔ اس کمیٹی میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہوا بازی اور سیکرٹری قانون و انصاف شامل ہیں جو روز ویلٹ ہوٹل کو مالیاتی چیلنجوں پر غور کرے گی ،ا ی سی سی نے اس کی منظوری دے دی۔ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی ٹینڈرنگ کے ذریعے ٹی سی پی کو فوری طور پر تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کیلئے انتظامات کرنے اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کو رعایتی نرخ پر 60 ہزار میٹرک ٹن گندم مختص کرنے کی منظوری دی۔ ای سی سی نے سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو 52 فائر فائٹنگ گاڑیوں 17 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ کے ساتھ درآمد کرنے ، فرنٹیئر کور بلوچستان ہیڈکوارٹرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے سپیئر پارٹس کی خریداری کیلئے ایک کروڑ روپے ، برطانیہ میں کیسز لڑنے کیلئے وکیل کی خدمات کیلئے 6 کروڑ 74 لاکھ 59 ہزار روپے ، تین نئی عدالتیں قائم کرنے کیلئے وزارت قانون و انصاف کو 8 کروڑ 14 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دی۔ کمیٹی نے وزارت تجارت کے 2020 سے 2025 تک کے ٹیکسٹائل و ملبوسات پالیسی کے مسودہ کو آئندہ اجلاس میں زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا۔