کراچی (سپورٹس رپورٹر) ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایشیاٹک کیمیکلز نے شاہی باغ سی سی کو 7وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا فاتحانہ آغاز کیا ۔فاتح ٹیم کے عبید خان کو نصف سنچری اسکورکرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،انہیں سابق سیکریٹری کے سی سی اے زون VII اور صدر ناظم آباد جم خانہ بی مظہر اعوان نے کیش ایوارڈ دیا ۔ذاکر خان کی 5وکٹوں کا فتح میں کلیدی کردار رہا ۔بختیاری یوتھ سینٹر گراؤنڈ پر شاہی باغ سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 10اوورز میں 7وکٹوں پر 93رنز کا مجموعہ اسکوربورڈ پر سجایا ۔حمزہ قادر 31رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔شیراز حسن نے 17رنز بنائے ۔ ذاکر خان نے اپنی عمدہ اور نپی تلی بولنگ سے 5حریف بلے بازوں کو نشانہ بنایا ۔جوابی بیٹنگ میں ایشیاٹک کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف باآسانی چھٹے اوور میں 94رنز بنا کر حاصل کرلیا ۔عبید خان نے 23گیندوں میں 54رنز بنا کر فتح کو آسان بنایا ،انہوں نے 5چوکے اور 2چھکے لگائے ۔قبات خان نے 23رنز صرف 13گیندوں پر اسکور کئے ،ان کی اننگز 4چوکوں پر مشتمل تھی ۔ذیشان ناصر اور عمیر گلزار نے ایک ،ایک وکٹ پر اکتفا کیا ۔