کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کے منصب کا غلط استعمال کررہے ہیں،شوکت خانم ہسپتال کیلئے چندہ مانگناان کے منصب کے منافی ہے ،شیخ رشید سندھ کے مسائل سے زیادہ محکمہ ریلوے پر توجہ دیں۔وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ عمران خان وزیراعظم کے منصب کاغلط استعمال کررہے ہیں۔ ہفتے کوجاری اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ عمران خان کے شوکت خانم ٹرسٹ سے مالی مفادات وابستہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اقرارکیاکہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ چندہ ملاہے ،شوکت خانم ٹرسٹ کے چندے میں خوردبرکے قصے عام ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کاشوکت خانم ٹرسٹ کے لیے چندہ مانگناان کے منصب کا ناجائز استعمال ہے ۔مشیراطلاعات وقانون سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیرشیخ رشید کے بیان پر اپناردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ رشید سندھ میں ایڈزکے پھیلاؤ سے زیادہ ریلوے پرتوجہ دیں۔حکومت سندھ نے ایڈزکنٹرول کے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔ شیخ رشید نے محکمہ ریلوے کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے ۔بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ سندھ میں ایڈز کاشوشہ چھیڑنا اپنی ناکامی کوچھپاناہے ۔کراچی سرکلرریلوے چلاناشیخ رشید کے بس کی بات نہیں۔ریلوے کے خسارے سے منہ چھپانے کے لیے شیخ رشیدسندھ حکومت پرتنقید کررہے ہیں۔ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہاکہ سرکلر ریلوے کوچلانے کے لیے شیخ رشیدنے ہاتھ اٹھادیے ہیں۔صوبائی محکمہ صحت پرتنقید ان کی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے ۔ وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کے سرکلر ریلوے میں تاخیرکے ذمہ داروفاقی وزارت ریلوے اور شیخ رشید ہیں،ریلوے حکام اورشیخ رشید تاخیرنہ کرتے توکراچی سرکلرریلوے منصوبہ کب کا مکمل ہوچکا ہوتا۔کے سی آر پرتمام اخراجات اداکرناوفاق کی ذمہ داری ہے ۔اویس قادرشاہ نے کہا کہ شیخ رشید ریلوے کی وزارت نہیں چلاسکتے ،خان صاحب کی ساری حکومت اب قرعہ اندازی پر چل رہی۔