اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان نے کہاہے کہ مودی سرکار کی سیفران دہشتگردی، ہندوستان کا ایک اور مکروہ فعل ہے ، قابض بھارتی فورسز نے 9 اپریل کو شوپیاں، جموں و کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی کی ہے ۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قابض فورسز کا شوپیاں میں مسجد پر بھاری ہتھیاروں، دستی بموں سے حملہ انتہائی قابل مذمت ہے ،مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی ریاستی دہشتگردی ہے ،بھارتی قابض فورسز کے نام نہاد آپریشنز میں معصوم کشمیری دہشتگردی کا نشانہ ہیں،ہندوستانی افواج کا غیر انسانی سلوک ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں قابض فورسز کو کھلی چھوٹ ہے ،مقبوضہ خطے میں آبادی کے عقائد، ثقافتی شناخت کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،تاریخ شاہد ہے کہ کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ اور بلااشتعال طاقت کا استعمال کیا گیا،ہندوستان، کشمیریوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنا کر عزم نہیں توڑ سکتا،مستقبل میں بھی ہندوستان کی ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ پاکستان، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ،کشمیریوں کو اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے ۔