ٹوکیو( ویب ڈیسک) یوٹیوب پر ویڈیوز بنانے والے یعنی ’’یوٹیوبرز‘‘ اپنے آن لائن چینلز کو مقبول بنانے اور مشہور ہونے کیلئے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں۔ خیر سے پاکستانی یوٹیوبرز تو ’’سبسکرائب کریں‘‘ کی رٹ لگائے رکھتے ہیں یا پھر اپنی ویڈیوز ’’وائرل‘‘ کرانے کے لیے گالیاں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے لیکن جاپانی یوٹیوبر نے ایک الگ ہی راہ نکالی، اس نے اپنے کمپیوٹر کے گرم سی پی یو پر کھانا پکانے کی ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔اس چینل کا نام بھی جاپانی میں ہے لیکن گوگل ٹرانسلیٹ سے پتا چلتا ہے کہ یہ ’’سیمورائی چینل‘‘ ہے جبکہ یو آر ایل دیکھنے پر اندازہ ہوتا ہے کہ ’’میری نائٹ میئر‘‘ نامی کسی صارف نے اسے تخلیق کیا ہے ۔ ویسے تو اس چینل پر زیادہ تر گاڑیوں، کمپیوٹروں اور ایسی ہی دوسری چیزوں کے بارے میں معلوماتی ویڈیوز (جاپانی زبان میں) شیئر کرائی جاتی ہیں لیکن جب بھی وہ سی پی یو پر کھانا پکانے کی کوئی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہیں، وہ سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے ۔