اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کرائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس کو شکایات موصول ہوئیں کہ غیر مجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کئے نمٹا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع کردیا گیا۔وزیر اعظم نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ وزیر اعظم ہدایت کی ہے ماتحت افسران شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے ، کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں، شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنے کا فیصلہ مجاز افسر ہی کرے گا۔وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔خط میں کہا گیا ہے شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہوگا، غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی یا غفلت تصور ہوگی۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ پورٹل پر آنے والی شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔