لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے بھی بنگلا دیش پریمیئر لیگ جوائن کر لی ۔ قومی لیگ سپنر نے سلہٹ میں اپنی ٹیم کھلنا ٹائٹنز کو جوائن کرنے کے بعد باقاعدہ پریکٹس کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ یاسر شاہ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں تاہم سپنر نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گرین کیپس کی نمائندگی کی تھی۔کھلنا ٹائٹنز ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کی شمولیت سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، یاد رہے کہ اس سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ ،شاہد آفریدی، جنید خان، محمد سمیع ،محمد عرفان، عامر یامین، وہاب ریاض سہیل تنویر بھی لیگ کے دوران مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔