لاہور، شیخوپورہ (جنرل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر اظہر امین کو معطل کر دیا، وزیرصحت کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیرکے اچانک دورہ کے موقع پر ایم ایس و دیگر عملہ ڈیوٹی سے غائب تھا، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی ڈاکٹرمحمد فاضل کو کارکردگی بہتر کرنے کی آخری وارننگ دی، اے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقیوم خان اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر خالد صفدر کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا، صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹر شاہد لطیف نے ڈی ایچ کیو وہاڑی میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکا اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 100فیصد میرٹ پر32ہزار ڈاکٹروں کی بھرتی کی گئی ہے ۔ قلمدان سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کی جانب توجہ دی گئی، سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق آنا چاہیے ، کسی بھی سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غیرحاضری، ادویات کی عدم فراہمی یا مریضوں کے علاج معالجہ میں کمی بیشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ناقص کارکردگی کے حامل ایم ایس حضرات ہسپتالوں میں ڈیوٹی کرنے کی بجائے سیدھا گھر جائیں گے ۔