لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ غریب کا جینا مشکل ہو گیا ہے حکومت ساری توجہ مہنگائی کم کرنے پر مرکوز کرے ۔ عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے ،کسی بھی ملک کے عوام کا خوشحال ہونا اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دلیل ہے ۔ اب محض بیانات نہیں عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ خارجہ امور میں حکومتی اقدامات اور پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق اور قابل ستائش ہیں، مسئلہ کشمیر اور دوسروں کی جنگ کا حصہ نہ بننے سے متعلق فیصلے دانشمندانہ ہیں، حکومت کو اب داخلی محاذ پر بھی بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے ، انتہا پسندی، فرقہ واریت، بے روزگاری، لا اینڈ آرڈر سر فہرست ایشوز ہیں ۔جب تک حکومت عوام کو مہنگائی کے گرداب سے نکالنے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات نہیں کرے گی تب تک عام آدمی کی سانسوں پر لگی گرہ نہیں کھلے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام پھالیہ میں خواتین کے لئے بنائے گئے سلائی کڑھائی کے سکول (ہنر گھر) کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔