اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،این این آئی،اپنے نیوز رپورٹر سے ،آن لائن)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی پیراں غائب اور ساہووال ریفرنسزمیں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ پچیس جون تک موخر کر دیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جون تک توسیع کر دی اوراحد چیمہ کو پیش کرنے کے بعدسپرنٹنڈنٹ جیل کوجاری کئے گئے شوکاز نوٹس واپس لے لیے ، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہورکے ایڈمن جج جواد الحسن نے فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں دو ارب سے زائد کی کرپشن کے کیس میں ملزم محمد حفیظ کو جوڈیشل کر دیا۔ احتساب عدالت نے پروفیشنل کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں ملزم نفیس احمد اور محمد سلیم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے دونوں کو22 جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ احتساب عدالت لاہور نے اکائونٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں 28 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس پرسماعت 13جون اور ایم این ایم موٹر سائیکل سکینڈل کیس کی سماعت 18 جون تک ملتوی کردی ۔