ممبئی(نیٹ نیوز) بھارتی اداکار ہریتھک روشن نے ہکلاہٹ کے شکار پاکستانی طالب علم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے مقصد سے پیچھے نہ ہٹنے کی تلقین کی ہے ۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی لڑکی نے لکھا کہ ان کے کزن اٹک اٹک کر بولتے ہیں اور یونیورسٹی میں ایک پریزینٹیشن کے دوران لیکچرار نے کہا کہ اگر تم ٹھیک سے نہیں بول سکتے تو پڑھائی چھوڑ دینی چاہیے ، لڑکی نے لکھا کہ لیکچرار کے اس رویہ کے بعد سے ان کا کزن ڈپریشن میں مبتلا اور اپنے آپ کو کمرے میں بند کیا ہوا ہے ۔ پاکستانی لڑکی کی ٹویٹ پر بھارتی اداکار ہریتھک روشن نے لکھا کہ اپنے کزن سے کہو کہ لیکچرار اور ان کے مشورے کا کزن کی ہکلاہٹ سے کوئی تعلق نہیں، اٹک اٹک کر بولنا کچھ بڑا کرنے سے آپ کے کزن کو نہیں روک سکتا۔ہریتھک روشن نے پاکستانی لڑکی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کزن کو بتائیں کہ اس میں ان کا کوئی قصور ہے اور نہ ہی ان کو اس میں شرم محسوس کرنی چاییے ، تاہم جو لوگ انہیں شرم دلاتے ہیں وہ خود دماغ سے خالی ہیں۔