لاہور( شوبز ڈیسک) سینئر ہدایتکار سید نور نے کہا ہے کہ فلم ’’ باجرے دی راکھی ‘‘ فلم انڈسٹری کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی ، ہمیشہ فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے کوشش کی ہے اور مذکورہ فلم اس کا عملی ثبوت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی فرد واحد کے بس کی بات نہیں بلکہ اس کے لئے انڈسٹری سے وابستہ تمام لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تمام پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کاسٹ میں شامل تمام فنکار بہترین کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ اس سے ہماری فلم انڈسٹری کو تقویت ملے گی۔