اسلام آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور (سپیشل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ،اپنے رپورٹر سے ،کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ) ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا ، پوری قوم سرشار ہو گئی ،دن کا آغاز وطن عزیز کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا،مساجد میں ملک کی سلامتی ،ترقی ، خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی ،صدر عارف علوی نے مرکزی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ معیشت بہتر کر کے ہم امہ کی قیادت کر سکتے ہیں، پاکستان نے دنیاکو سکھایا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پوری قوم آزادی کا جشن منانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی ،شہر شہر قومی پر چموں کی بہارنظرآرہی ،ملک پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ،بچوں سمیت سب کا جذبہ قابل دید تھا ، عمارتوں پر چراغاں کیا گیا تھا ۔ یوم آزادی کی مناسبت سے حضوری باغ میں جشن آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی دی،اس سے قبل جی او سی ٹین لاہور نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جنرل آفیسر کمانڈنگ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے ۔ کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق وچوبند کیڈٹس پر مشتمل دستے نے اعزازی گارڈ کی ذمہ داری سنبھال لی،تقریب میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے بھی شریک ہوئے ،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ، کموڈور مشتاق احمد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گارڈ کا معائنہ کیا، مہمان خصوصی نے پاک بحریہ کے سربراہ ، افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ یوم جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ، پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے باعث اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، چین ، ترکی اور سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مو قف کی حمایت کی ، مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، افغانستان میں امن کے لئے امن معاہدہ اہم قدم ہے ، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، سی پیک سے خطے میں ترقی ،خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے ، کورونا کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت راہ پر گامزن ہیں، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور قوم کے تعاون سے کورونا وبا کے خلاف کامیابی ملی، گزشتہ دو سال کے دوران حکومت اور قوم نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا۔ پاکستان طویل جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا جس کے بعد تکمیل پاکستان کے لئے اس ملک کو حضرت محمد ﷺ کی سنت، علامہ اقبال ؒاور قائد اعظم ؒکے خوابوں کے مطابق بنانے کی جدوجہد شروع ہوئی، یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے ، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی ، دوسری طرف مغربی ممالک 100 افراد کو بھی پناہ دینے کے لئے تیار نہیں، بھارت کے پاکستان پر حملے کے جواب میں پاکستان نے امن کا پیغام دیا۔ قوم او میڈیا نے بھی امن کا پیغام دیا جبکہ بھارتی حکومت، قوم اور میڈیا نے جنگ کو ہوا دی، بدعنوانی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ کراچی میں بھی جشنِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔ وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آزادی پر ہمارے دلوں میں کشمیریوں کا دکھ ہے ، حکومت پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم جلد کشمیریوں کو آزادی دلائیں گے ۔ خیبر پی کے میں مرکزی تقریب پولیس لائن پشاور میں ہوئی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کیا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے مصروف عمل ہے ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 73 ویں یوم آزادی ملی جوش جذبے کے ساتھ منایا گیا، کوئٹہ میں مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں ہوئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور سپیکر عبدالقدوس بزنجو نے پرچم کشائی کر کے جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام ملک بھر کے فنکشنل گورودواروں اور مندروں میں جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کی ہدایت پر شکریہ پاکستان کے عنوان سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان میں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار نے پرچم کشائی کی ، یوم آزادی کے سلسلہ میں آزاد کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تقاریب منعقد کی گئی۔ مرکزی تقریب ایوان صدرمظفرآباد میں ہوئی جس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ودیگر نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی سے گیا گیا ۔ جس کے بعد صدر اور وزیراعظم نے پرچم کشائی کی ۔ تقریب سے صدر ، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے خطاب کیا ۔