لندن(این این آئی) برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ شہزادی میگھن مرکل کے ہاں آئندہ سال پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے ۔شاہی محل کی جانب سے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس اس بات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ ان کے ہاں 2019 کے موسم بہار میں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے ۔ہیری اور میگھن رواں برس مئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ۔ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی یوجین کی شادی کے موقع پر قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ شہزادی میگھن امید سے ہیں، جس کے بعد اب شاہی محل کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے ۔ڈیلی ٹائمز کے مطابق ہیری اور میگھن نے یوجین کی شادی کے موقع پر ہی شاہی خاندان کو آگاہ کر دیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور وہ کافی پرجوش تھیں۔میگھن کی والدہ ڈوریا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ ننھے مہمان کا بے تابی سے انتظار کر رہی ہیں۔