لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس منعقدہوا،جس میں کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن ساؤتھ پنجاب کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں قائم تمام خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھولنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختلف اضلاع میں قائم خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھلنے سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے ۔ اجلاس میں او پی سی ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ ایکٹ میں ترامیم کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے ۔حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کو175ارب سے زائد کی ادائیگیاں یقینی بنائی گئی ہیں،ماضی میں کاشتکار سڑکوں پر احتجاج کرتا رہا لیکن اسے محنت کا معاوضہ نہیں ملا۔سابق دو رمیں کاشتکاروں کے ساتھ بے پناہ زیادتی روا رکھی گئی۔پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرڈویژنل ہیڈ کوارٹر مانیٹرنگ اینڈ عملدرآمد کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔کمیٹی صفائی کے انتظامات، واٹر سپلائی،سینی ٹیشن، پارکس اینڈہارٹیکلچر،ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ کے مسائل کے حل کے حوالے سے مانیٹرنگ اورکوآرڈینیشن کی ذمہ دار ہوگی۔ ڈویژنل کمشنر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔کمیٹی میں ریجنل پولیس آفیسر،ڈپٹی کمشنر،ڈی جی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی،منیجنگ ڈائریکٹر واسا،چیف آفیسر میٹروپولیٹن / میونسپل کارپوریشن،رکن قومی اسمبلی/رکن پنجاب اسمبلی اوروزیراعلیٰ آفس کانمائندہ ممبرشامل ہوں گے ۔بعدازاں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں بے شمار خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں ۔سیاحت کوصنعت کا درجہ دے کر نئی پالیسی تشکیل دی گئی ہے ۔ دریں اثنا انہوں نے سینئر رپورٹر ریاض شاکر کے ا نتقال پرگہرے دکھ او رافسوس کا اظہارکیااور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔