کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں چار روزسے جاری تیزی کا سلسلہ رک گیا اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی 31ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور انڈیکس 1042.64پوائنٹس کی کمی سے 30579.15پوائنٹس کی سطح پرآ گئی، 82فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 32ارب50کروڑ70لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا،کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 7.36فیصدکم رہا ۔ گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور مالیاتی اداروں ،میوچل افندز اور بروکریج ہاوسز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کی پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری شروع کی جس کے نتیجے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 31915پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیاتاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1042.64پوائنٹس کی کمی سے 30579.15پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی488.74پوائنٹس کی کمی سے 13526.01پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 493.37پوائنٹس کی کمی سے 22022.22پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر339کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت1کھرب 32ارب50کروڑ70لاکھ روپے کی کمی سے گھٹ کر 58کھرب 83ارب 89کروڑ21لاکھ روپے ہوگئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 23کروڑ33لاکھ29ہزار شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں۱یک کروڑ85لاکھ45ہزار شیئرزکم ہے ۔