اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ سال پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے ، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست تک لارڈز، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست تک ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 اگست، دوسرا میچ 31 اگست جبکہ تیسرا اور آخری میچ 2 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔