اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی احسان مانی احسان مانی نے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کے آدھے میچز پاکستان میں کرانے کا عندیہ دے دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ اگلے دو سال میں پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے کے خواہش مند ہیں، پی ایس ایل بہت اچھا ٹورنامنٹ ہے ، تین سال میں پی ایس ایل کامیاب رہا، پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے آدھے میچز پاکستان میں کرانا چاہتے ہیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز سمیت دیگر غیر ملکی کر کٹرز پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے سب مایوس ہیں، سیریز کے اختتام کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لیں گے ، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں کارکردگی اچھی نہیں تھی، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے ہر ملک سے بات کررہے ہیں،حکومت سپورٹس کیلئے جو فنڈز دیتی ہے ، اس کا احتساب بھی ضروری ہے ،پی سی بی کی طرح دیگر سپورٹس فیڈریشنز کو خود فنڈز پیدا کرنا ہوں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں لڑکیوں کا کرکٹ کی سمت آنا از حد ضروری ہے ، احسان مانی کا کہنا تھا کہ خواتین کرکٹ میں نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا۔