لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں تشخیصی ٹیسٹوں کے ریٹ میں اضافے کے بعد حاصل ہونیوالی کمائی کا حساب مانگ لیا ۔ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز سے گزشتہ تین مہینوں میں ہونے والی کمائی اور اس مد کے اخراجات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے ہدایات دی گئی ہیں کہ حکومت نے 17اگست کو ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں مفت تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولت ختم کر دی ہے اور ان کے ریٹس میں بھی اضافہ کیا ہے ۔اب اس حوالے سے ہونیوالی کمائی کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ڈینٹل او پی ڈی ، الٹرا ساونڈ ، ای سی جی ، ایکسرے ، لیبارٹری کے تشخیصی ٹیسٹ ، پارکنگ سٹینڈ ، کینٹین ، فارمیسی کو ٹھیکے پر دینے سے ہسپتالوں نے کتنی کمائی کی ہے اس حوالے سے تفصیلاً بتایا جائے ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر اس حوالے سے رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع کر ائیں گے ۔