لاہور (اپنے رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوا نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے متعلقہ دیگر ترقیاتی کاموں، ٹھوکر نیاز بیگ چوک کی بہتری و بحالی کے جاری منصوبے اور ملتان روڈ پر باب لاہور کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر پراجیکٹ اقرارحسین اور نیسپاک کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔چیف انجینئر نے ہدایت کی کہ کرونا وائرس کے خدشے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ان کاموں کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر دور کی جائے گی اور ان منصوبوں کوجلد از جلد مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ دوسری جانب لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاہور میں واسا کی طرف20 مقامات پر شہریوں کے ہاتھ دھونے کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کو بدستور برقرار رکھا جائے اور انہیں مزید بہتر کیا جائے ۔ ان ٹینکرز کے ذریعے کلورین ملے پانی کے ساتھ ساتھ مطلوبہ مقدار میں لیکؤڈ صابن بھی فراہم کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کے پیش نظر واسا کے عملے کو الرٹ رکھا جائے اور بارش شروع ہوتے ہی نکاسی آب کے اقدامات بلاتاخیر شروع کر دیئے جائیں۔