اسلام آباد (این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہاہے کہ تاجروں کا ایف بی آر کے ساتھ مذاکراتی عمل ناکام ہوگیا ہے ، اب اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا،ایف بی آر کے ساتھ ،شناختی کارڈ کی شرط کے خاتمے ، سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور فکسڈ ٹیکس سکیم کے خدوخال پر اتفاق نہیں ہوسکا،9 اکتوبر کو ملک بھر کے تاجر نمائندے اسلام آباد میں صبح 11 بجے اکٹھے ہوں گے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے کہاکہ تاجروں کا ایف بی آر کے ساتھ مذاکراتی عمل ناکام ہوگیاہے ،اب اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے ساتھ ،شناختی کارڈ کی شرط کے خاتمے ، سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور فکسڈ ٹیکس سکیم کے خدوخال پر اتفاق نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہاکہ اگلے لائحہ عمل کو اختیار کرنے کے لئے ملک بھر کے تاجر نمائندوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اجمل بلوچ نے کہاکہ ملک بھر سے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر نمائندے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ 9 اکتوبر کو ملک بھر کے تاجر نمائندے اسلام آباد میں صبح 11 بجے اکٹھے ہوں گے ۔اجمل بلوچ نے کہاکہ تاجروں کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے تاجر نمائندے شوکت میر کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے تاجروں کا وفد مسعود الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد مارچ میں شریک ھوگا۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر نمائندے ملک شاھد غفور پراچہ، روف مغل، اسلم بھلی، جاوید بٹ اور ممتاز بابر کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے ۔