اسلام آباد(خسوصی نیوز رپورٹر) چیئر مین ایف بی آر نے تمام بینکوں کے سربراہوں کو خط کر بے نامی اکاونٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔ چیئر مین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی نے تمام بینکوں کے سربراہان کو خط ارسال کر دیا جس میں تمام بے نامی اکائونٹس کی تفصیلات پندرہ یوم میں فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت ایف بی آر چاہتا ہے کہ بینک اپنے اکاونٹ ہولڈرز کے بے نامی اکاونٹس کی تفصیلات خود طلب کریں۔ ایف بی آر اکائونٹ ہولڈرز سے براہ راست رابطہ نہیں کرنا چاہتا تاکہ لوگوں کا ایف بی آر پر اعتماد قائم رہے ۔اس سلسلے میں چیئر مین ایف بی آر نے تیس مئی کو بینکوں کے چیف فنانشل افسران سے ملاقات کا حوالہ دیا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام بینک بے نامی اکائونٹس کی تفصیلات خود مرتب کریں گے ۔ چیئر مین نے یقین دہانی کرائی کہ بے نامی اکائونٹس پر فراہم کردہ معلومات خفیہ رکھی جائیں گی۔ایف بی آر بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت بے نامی اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ذمہ دار ہے ۔ چیئر مین ایف بی آر نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایف بی آر اور بینک مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ بے نامی اکائونٹس کی نشاندہی کے لیے تمام بینکوں کا تعاون بہت ضروری ہے ۔