لاہور(نامہ نگار، کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں ٹریفک حاد ثات میں جاں بحق اور زخمی افراد کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے بطور مہمان خصوصی اور سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک، موٹر سائیکل کمپنی کے نیشنل سیفٹی منیجر تسلیم شجاع،ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن حما د رضاقریشی،ڈی ایس پیز،حادثات میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سمیت مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر سی ٹی او لاہور کا کہنا تھاکہ تقریب کا مقصد جاں بحق اور زخمی افراد سے نہ صرف ان خاندانوں سے اظہار تعزیت کرنا بلکہ حادثات کا باعث بننے والی وجوہات سے سبق سیکھنا اور ان کے تلخ تجربات سے اپنی اصلاح بھی کرنا ہے ،90فیصد حادثات سڑکوں پر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اورٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے سے رونما ہورہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ٹریفک حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ،اتنے افراد دہشت گردی اور جرائم میں لقمہ اجل نہیں بنتے جتنے ٹریفک حادثات کی نذر ہورہے ہیں،تقریب کے دوران حادثات میں جاں بحق افراد کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی جبکہ زخمی افراد میں فری ہیلمٹ اور تحائف تقسیم کئے گئے ۔