اسلام آباد (رائٹرز، صباح نیوز) امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ میکنزی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مسئلے کے سیاسی حل کیلئے مدد کرنے کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں بہت لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اور پاکستان ایک پرامن افغانستان کے فوائد سے آگاہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا مجھے یقین ہے پاکستان دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کیخلاف کارروائی کر رہا ہے ،کام ابھی مکمل نہیں ہوا لیکن یہ مسلسل جاری ہے ۔دوران سفر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل میکنزی نے مزید کہا افغان طالبان کی جانب سے حملوں میں اضافہ امن عمل کیلئے مددگار نہیں ہے ۔ امن عمل میں پیشرفت کیلئے تمام فریقین بتدریج سیاسی مصالحت کیلئے پرعزم ہیں جسکے نتیجے میں تشدد میں کمی آئیگی۔علاوہ ازیں جنرل میکنزی، امریکی سفیر پال جونز اور دیگر عہدیداروں نے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیم، ریزروائر اور پاور ہاوس سمیت مختلف حصوں کا مشاہدہ کیا۔چیئرمین واپڈا نے وفد کو بریفنگ میں بتایا کہ تربیلا ڈیم پاکستان کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، اسکی تعمیر اور پن بجلی گھر کی بحالی میں امریکی معاونت قابل تعریف ہے ۔ امریکی وفد کا کہنا تھا امریکی گرانٹ سے تربیلا پن بجلی گھر کی میعاد میں 20سال اضافہ ہوگا، امریکہ کی معاونت سے تربیلا ڈیم پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا مظہر ہے ۔