لاہور(جنرل رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیر صحت نے وائی ڈی اے پنجاب کو نظام صحت کا بنیادی ستون قرار دیا اور آنے والے دنوں میں ہیلتھ سسٹم کی بہتری کے لئے ینگ ڈاکٹرز کو اپنے ہراول دستے کا درجہ دیا۔وائی ڈی اے پنجاب نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ مریضوں اور ڈاکٹرز کے لیے بہترین نظام صحت کے حصول کی خاطر نئی حکومت کی ہر اچھی پالیسی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور ڈاکٹرز اور مریضوں کو درپیش مسائل اور انکے حل پر مکمل وضاحت سے گفتگو ہوئی۔ہسپتالوں میں سکیورٹی کی بد ترین صورتحال جس میں گجرات میں حالیہ لڑائی، چیف جسٹس آف پاکستان کے بنائے گئے پے کمیشن کی سفارشات پر مبنی پے پیکج ، وائی ڈی اے پنجاب کے عہدیداروں کے خلاف انتقامی کارروائی، پبلک سروس کمیشن پاس کرنے والے ڈاکٹروں کی تدریسی ہسپتالوں میں تعیناتی پر پابندی، سنٹرل انڈکشن پالیسی کے نقائص، ایڈہاک ڈاکٹرز کی دوسرے صوبوں کی طرز پر مستقلی، سرگودھا میڈیکل کالج اور نواز شریف میڈیکل کالج کی اٹانومی، ملتان کڈنی سنٹر کی نجکاری، ڈینٹل سپیشلسٹ کیڈر، اور زیرالتوا منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دریں اشناء صوبائی وزیر صحت کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ فسیلیٹی مینجمینٹ کمپنی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تھرڈ پارٹی ایوالوایشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عائشہ سعید نے شرکا کو بریفنگ دی۔ قبل ازایں پر وزہر صحت نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور زچہ بچہ صحت پر لیکچر بھی دیا۔